کورونا کی دوسری لہر،احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کم نظر آرہی ہے،جام کمال

کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے،یہ ہدایت انہوں نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے متعلق منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، اجلاس میں صوبائی وزیر حاجی محمد خان طور اوتمانخیل، پارلیمانی سیکریٹریز ڈاکٹر ربابہ بلیدی، دھنیش کمار، آئی جی پولیس بلوچستان، سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات،نمائندہ سدرن کمانڈ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے،اجلاس کو سیکریٹری صحت نے صوبے میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد اور ٹیسٹنگ کے استعداد میں اضافہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ عوام نے کورونا وائرس کے خطرے کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا جس کے نتیجے میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کم نظر آرہی ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پبلک سیکٹر کے تمام دفاتر میں ہر صورت ماسک پہننے کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ انہوں نے سیکریٹری صحت کو ٹیسٹنگ کے استعداد میں اضافہ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹنگ کٹس وآلات کی عدم فراہمی سے متعلق فوری طور پر وفاقی حکومت سے رجوع کریں، وزیراعلی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو تسلسل کے ساتھ کورونا وائرس کی دوسری لہر اور اس کے خطرات سے متعلق آگاہی مہم شروع کی جائے، وزیراعلی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کووڈ۔19پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے