حکومت پہلے ہی بی فور شاکس محسوس کررہی ہے، حافظ حسین احمد

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قوم کو بیروزگار کرنے والوں کا اب خود بیروزگار ہونے کاوقت قریب ہے، شیخ رشید نے ٹھیک کہا ہے کہ وہ جھاڑو پھیریں گے ظاہر ہے کہ جب بے روزگار ہونگے تو جھاڑو ہی پھیریں گے، عمران نیازی اس لیے مرغی، انڈوں اور بھنگ کی کاشت کے طریقے تلاش کررہے ہیں کیوں کہ وہ کوئی نہ کوئی روزگار تو کریں گے۔ جمعرات کے روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آتے ہیں لیکن یہاں تو ہمارا جلسہ ابھی ہوا نہیں اور حکومت پہلے ہی بی فور شاکس محسوس کررہی ہے،پکڑ دھکڑ شروع ہوچکی ہے، غداری کے مقدمات درج کئے جارہے ہیں اور نامعلوم افراد کی طرف سے ایف آئی آر درج کرائی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے نااہل حکمران مہنگائی کا ملبہ پچھلی حکومتوں پر ڈال رہے ہیں لیکن دو سالوں کے دوران مہنگائی کا جو طوفان آیا ہے اس میں غریب عوام خشک روٹی کے لیے ترس رہے ہیں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث لوگ علاج سے محروم ہوچکے ہیں لوگ اب اپوزیشن جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں اگر اپوزیشن جماعتوں نے کچھ نہیں کیا تو عوام ان کو پکڑیں گے، جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے پھر وہ اپوزیشن ہو حکومت ہو یا وردی والے سب کے لیے انصاف کا پیمانہ ایک ہونا چاہئے لیکن یہاں انصاف کے پیمانے الگ ہیں، سی پیک اٹھارٹی کے سربراہ عاصم سلیم باجوہ کے متعلق اربوں روپے کی کرپشن کی اطلاعات ہیں لیکن وہاں نیب خاموش ہے اور جب بات حکومت پر آتی ہے تو سپریم کورٹ کے اسٹے آرڈر کے آڑ میں چھپنے کی کوشش کی جاتی ہے، فارن فنڈنگ کیس، بی آر ٹی پر کیوں اسٹے آرڈر لیا گیا ہے قوم کو کیوں نہیں بتایا جاتا کہ فارن فنڈنگ کیس میں کیا ہے اور بی آر ٹی میں کتنی کرپشن ہوئی ہے ان کا ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی 52 ہزار جعلی ووٹ لیکر اسٹے آرڈر پر موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے