عمر گل نے ڈومیسٹک کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا
لاہور: پاکستانی کرکٹر عمر گل نے انٹرنیشنل کرکٹ کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کو بھی خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔عمر گل کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر اور اپنے خاندان سے مشورے کے بعد کیا۔
اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے بہت عزت ملی۔ مستقبل میں بھی مختلف کردار میں پاکستان کرکٹ کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔عمر گل نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے لیول ٹو کوچنگ کورس کر رکھا ہے۔
کرکٹ کریئر کے دوران عمر گل کو فٹنس کے مسائل کا سامنا رہا۔ اس کے باوجود انہوں نے 47 ٹیسٹ میچز، 130 ون ڈے میچز اور 60 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔انٹرنیشنل کرکٹ میں انہوں نے اپنا آخری میچ 2013 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔
عمر گل نے ایک سو پچیس فرسٹ کلاس میچز میں چار سو اناسی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میں ایک سو اکسٹھ میچز میں دو سو پندرہ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ عمر گل کا آخری ایونٹ ہوگا جو کہ 30 ستمبر سے شروع ہورہا ہے۔