کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی روشنی، خوشی، محبت، امن اور امید کا تہوار ہے، جو انسانیت کو نفرت اور تاریکی کے بجائے محبت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک کثیرالثقافتی اور کثیرالمذہبی صوبہ ہے جہاں مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ ہندو برادری بلوچستان کی سماجی، معاشی، تعلیمی اور کاروباری ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کا مکمل حق دیتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقلیتوں کے جان و مال، مذہبی مقامات اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام شہری بلاخوف و خطر اپنی مذہبی خوشیاں منا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی ہمیشہ سے امن، جمہوریت، انسانی حقوق، مذہبی رواداری اور تمام اقوام کے درمیان برابری پر یقین رکھتی ہے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا سیاسی و جمہوری کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ دیوالی کا یہ خوشیوں بھرا تہوار ملک و صوبے میں امن، خوشحالی، محبت اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ بنے۔
دیوالی محبت، امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے،ڈاکٹر ناشناس لہڑی

ٹیگز:
ڈاکٹر ناشناس لہڑی
