لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 70 سالہ بہن نورین نیازی کی طبیعت بگڑنے پر انہیں کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کردیا گیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نورین نیازی کو دل میں تکلیف کی شکایت کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان کے اہلِ خانہ کو منتقلی کے بارے میں اطلاع نہیں دی گئی۔ وکیل رانا مدثر عمر نے بھی ان کی اسپتال منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طبی معائنے اور ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
نورین نیازی اس وقت پنجاب حکومت کے احکامات کے تحت حراست میں ہیں۔ ان کی طبیعت خراب ہونے کا واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت رہا ہے۔

