کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل سٹی کے کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت تحصیل سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے محبوب چیئرمین اور جمہوریت کے عظیم قائد محمود خان اچکزئی کی سیاست دور اندیشی، اصول پسندی اور جمہوری اقدار سے گہری وابستگی کی عکاس رہی ہے۔ وہ ہمیشہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے علمبردار رہے ہیں۔ محمود خان اچکزئی کا اصولی موقف، بیانیہ نہ صرف پشتونخوا وطن،ملک اور اس خطے کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات دلا سکتا ہے بلکہ ترقی، استحکام اور امن کے لیے ان کی پیش کردہ تجاویز ونکات پر عملدر آمد ناگزیر ہے۔ کارکن پارٹی پروگرام کو گھر گھرپہنچانے اور عوام کو پارٹی صفوں میں شامل کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم چلائیں اور پارٹی کے تنظیمی ڈھانچوں کو فعال ومنظم بنانے اور بالخصوص ہر علاقے میں نئے ابتدائی یونٹس کے قیام کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری علاقوں میں بڑھتے ہوئے مسائل کو حل کرنے میں حکومت وانتظامیہ اور متعلقہ ادارے غیر سنجیدہ ہیں۔ پارٹی مسلسل عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتی چلی آرہی ہے لیکن متعلقہ محکمہ ان کے حل کے لیے ٹھس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔ پانی کی شدید قلت، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس کی بندش، ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکیں، ناقص نکاسی آب کا نظام، اور صفائی کی ابتر صورتحال شہریوں کی روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کر رہی ہے۔ یہ مسائل نہ صرف عوامی صحت کے لیے خطرہ ہیں بلکہ شہر کی مجموعی ترقی میں بھی بڑی رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ واسا کوئٹہ کو پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنانے اور پرانی پائپ لائنز کی مرمت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہیے۔کیو ایم سی کو صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے، کچرے کی بروقت نکاسی اور سڑکوں کی بحالی پر فوری توجہ دینی چاہیے۔لیکن یہاں صفا پروجیکٹ کے ذریعے صفائی کا تمام نظام درہم برہم کرکے صرف کرپشن وکمیشن کو جاری رکھا گیا ہے۔ اسی طرح کیسکو سے مطالبہ ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔بعض علاقوں میں غیر اعلانیہ طور پر صبح سے شام تک بجلی کی بندش جاری ہے اور کیسکو کے ذیلی دفاتراس حوالے سے خود لاعلم ہیں اور سائلین کو مطمئن کرنے میں مکمل ناکام ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی مسلسل سوئی سدرن گیس کمپنی کو سردیوں میں گیس کی قلت کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے زور دیتی رہی لیکن سردیوں کے گزرنے کے باوجود آج بھی شہریوں کو گیس میسر نہیں بلکہ غیر منطقی خود ساختہ اور اپنی مرضی ومنشاء کے مطابق گیس کی مسلسل بندش اور چند گھنٹوں کے لیے کم پریشر میں گیس کی فراہمی کا فارمولا عوام پر مسلط کیا گیا ہے جس کو پارٹی نے پہلی روز پر مسترد کیا اور بلا تعطل مکمل پریشر کے ساتھ صبح 6سے رات 12بجے تک مکمل گیس کی فراہمی مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومتی رٹ ہوتی تو مذکورہ بالا ادارے عوام کے مسائل حل کرنے اور ان کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں لیکن یہاں کرپشن، کمیشن، اقرباء پروری، پرسنٹیج کا دور دورہ ہے اور تمام ادارے مکمل طو رپر مفلوج ہوچکے ہیں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا جو کہ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس میں بُری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔
کوئٹہ کے شہری علاقوں میں بڑھتے ہوئے مسائل کو حل کرنے میں حکومت وانتظامیہ اور متعلقہ ادارے غیر سنجیدہ ہیں : شکور افغان

ٹیگز:
شکور افغان
