گوادر (ڈیلی گرین گوادر) اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیئے بلوچستان کی ماؤں اور بہنوں کی تذلیل ناقابل برداشت ہے، جان اچکزئی جیسے ذہنیت و رویوں کی وجہ سے بلوچستان آگ کے لپیٹ میں ہے،وزیر داخلہ بحیثیت خیراتی حکمران اپنا لہجہ درست کریں۔ڈاکٹر ماہ رنگ کے والد سے متعلق جان اچکزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ بلوچستان کے حالات 1948 سے لیکر اب تک خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں، ہر طرف ماتم ہی ماتم ہے، ہر طرف آہ و بْکا ہے شہر ہوں یا دیہات ہر طرف احتجاج ہی احتجاج ہے، کوئی اپنے پیاروں کے لیئے احتجاج کرہا ہے تو کوئی اپنی عزت و وسائل کو بچانے کی خاطر سراپا احتجاج ہے لیکن حکمران سنجیدہ ہونے کے بجائے کہ وہ ان فریادوں کو سنجیدگی سے سنیں مگر اس کے برعکس لوگوں کی زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک چھڑکنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا جان اچکزئی اور سرفراز بگٹی جیسے لوگوں کو خیراتی حکمرانی ملی ہے ان کے لہجوں سے ایسا لگتا ہے کہ انہیں بلوچستان کے لوگوں کو دیوار سے لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے، جان اچکزئی کا اپنے بیان میں ڈاکٹر ماہ رنگ کے والد کو تخریب کار کہنا قابل مزمت ہے جس کی حق دو تحریک بلو چستان سخت الفاظ میں مزمت کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیئے بلوچستان کے ماؤں اور بہنوں کی تزلیل کسی صورت قبول نہیں۔
اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیئے بلوچستان کی ماؤں اور بہنوں کی تذلیل ناقابل برداشت ہے، مولانا ہدایت الرحمان

ٹیگز:
مولانا ہدایت الرحمان
