کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں چھٹے جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں 80سے زائد اداروں اور 800سے زائد امیداروں نے حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اور وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے بیوٹمز میں چھٹے جاب فیئر کا افتتاح کیا۔جاب فیئر میں 80سے زائد اداروں کی جانب سے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ڈیسک قائم کئے گئے تھے جہاں 800سے زائد خواہشمند امیدواروں نے اپنے کوائف جمع کروائے جبکہ متعدد اداروں نے موقع پر ہی اہل امیداروں کا چناؤ کرکے انہیں نوکریوں کی پیش کش کی جنہیں امیداروں نے قبول کرلیا۔ جاب فیئر کے دوران نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے بینکوں، عالمی و مقامی اداروں، کنسٹرکشن فرموں،تعلیمی اداروں نے اپنے ڈیسک پر نوجوانوں کو روزگار کے مواقعوں کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ بیوٹمز کا یہ خاصہ رہا ہے کہ وہ طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ صلاحتیں اور روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جاب فیئر کے انعقاد سے پڑھے لکھے نوجوانوں اور روزگار فراہم کرنے والے اداروں کو ایک چھت تلے اکھٹا کیا گیا ہے تاکہ دونوں طرف ایک پل کا کردار ادا کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بیوٹمز نے ہمیشہ صوبے میں امید کی شمع روشن کی ہے اور آئندہ بھی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بہتری کے لئے بیوٹمز اپنا مثبت کردار ادا کریگی۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرحمن، رجسٹرار بیوٹمز ڈاکٹر زاہد رؤف،ڈائریکٹر این آئی سی کوئٹہ محمد شاہ خان،فیکلٹی کے ڈینز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں چھٹے جاب فیئر کا انعقاد

ٹیگز:
بلوچستان یونیورسٹی
