کوئٹہ(ڈیلی گر ین گوادر)چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی دو روزہ دورے پر عراق میں موجود ہیں جہاں انہوں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے روضہ مبارکہ پر حاضری دی سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اللہ کی راہ میں عظیم قربانیاں دے کر دین رسول ؐ کو ابدیت بخشی ہے انکی قربانیوں کو انسانیت قیامت تک یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے حق کی آواز بلند کی اور حق کی خاطر اپنی اور اپنے خاندان کی قربانیاں پیش کرنے سے گریز نہیں کیا انہوں نے وقت کے یزید کے سامنے سر تسلیم خم نہ کر کے جرات, بہادری اور استقامت کی لازوال داستان رقم کی امام حسین علیہ السلام نے انسانیت کو الہامی اور آفاقی پیغام پہنچا کر باطل کا ہر عذر رد کر دیا امام حسین عالی مقام کی تمام تعلیمات انسانیت کے لئے وحدانیت اور رسالت مآب کی تدریس سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آج کے دنیاوی حالات اور فلسطین اور کشمیر میں ہونے والی بربریت کو دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ آج بھی امام کے ماننے والے انکی تعلیمات کی روشنی میں باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہیں فلسطینیوں اور کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ابدی فتح و نصرت راہ حق پر چلنے والوں کو ہی نصیب ہوا کرتی ہے امام عالی مقام نے قیامت تک کے لئے جو درس دیا اسکے مطابق فتح کبھی ظالم کا مقدر نہیں بن سکتی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ افواج پاکستان بھی چہارسو باطل قوتوں سے نبرد آزما ہیں افواج پاکستان کو باطل قوتوں کا سامنا ہے لیکن وہ بڑی جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں افواج پاکستان نے ہمیشہ باطل قوتوں کو شکست دی ہے اور آئندہ بھی انہیں شکست سے دوچار کریں گی امام عالی مقام کا افاقی پیغام راہ حق کے مجاہدوں کو مرعی اور غیر مرعی طاقت سے سرفراز فرماتا ہے امام عالی مقام کا روضہ مبارک قیامت تک مرجع خلائق عالم بنا رہے گا۔
حضرت امام حسین ؑنے حق کی آواز بلند کی،سینیٹر محمدعبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
