پاکستان اورافغانستان کے قوم اور مذہب پرستوں نے پشتونوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،لالا یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان اورافغانستان کے قوم اور مذہب پرستوں نے پشتونوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان اورافغانستان کے قوم اور مذہب پرستوں نے ہمیشہ پشتونوں کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا اور لاکھوں کی تعداد میں پشتونوں کو شہید اور زندگی بھر کیلئے معذور کردیااور لاکھوں کی تعداد میں بچے یتیم اور عورتیں بیوہ ہوگئیں اور جب پشتونوں پر سخت وقت آیا تو یہ قوم پرستی اور مذہب پرستی کے ٹھیکیدار اپنے محلوں میں بیٹھ کر تماشہ دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں پشتونوں کو چیکنگ اور سیکورٹی کے نام پر جگہ جگہ روک کر تنگ اور بے عزت کیا جاتا ہے اورانکی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں لیکن عوام کو قوم پرستی اورمذہب پرستی کے نام پر اپنے مفادات حاصل کرنے والے نام نہاد لیڈر کہیں نظر نہیں آرہے ہیں عوام ایسے عناصر کا خود احتساب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ پشتونوں اور پگڑی والوں کو چیکنگ کے نام پر جگہ جگہ تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔