چمن فالٹ لائن کوئٹہ کو براہ راست متاثر نہیں کرتی کوئٹہ کی اپنی فالٹ لائن موجود ہے، پروفیسر ڈاکٹردین محمد کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چمن فالٹ لائن کیا ہے اور کیا اس سے بلوچستان میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں زلزلے کا خدشہ ہے؟ماہر ارضیات پروفیسر ڈاکٹر دین محمدکاکڑ نے بتایا ہے کہ چمن فالٹ لائن کابل کے جنوب سے شروع ہوتی ہے جو بلوچستان کے شہرچمن سے نوشکی،قلات،خضدار،آواران سے بحیرہ عرب میں جاکر ختم ہوتی ہے اس فالٹ لائن میں 1892ء میں ایک بڑا زلزلہ آیا تھا جس سے پرانا چمن شہر تباہ ہوا تھا اسوقت چمن فالٹ لائن اگرچہ فعال ہوگئی ہے مگر یہ کہنا درست نہیں کہ اس سے ہنگامی طور پر زلزلہ آسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے فوری طورپر آنے کے کوئی سائنسی شواہد نہیں ہیں البتہ آئندہ 6سے 8سال کے دوران اس فالٹ لائن پر زلزلہ آسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چمن فالٹ لائن کوئٹہ کو براہ راست متاثر نہیں کرتی کوئٹہ کی اپنی فالٹ لائن موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ اور غزہ بندفالٹ لائن پر بھی خطرات موجود ہیں لیکن عوام کو حالیہ زلزلے کی پیش گوئی سے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے البتہ کوئٹہ میں بلڈنگ کوڈ کی مکمل پاسداری اور زلزلے سے محفوظ بلڈنگیں بنانے کی اشد ضرورت ہے۔