بلوچستان بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہو گی،سید زاہد شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان بھر میں انسداد پولیو مہم بروز پیر 2 اکتوبر سے شروع ہو گی جس کے لئے تمام ترتیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینیٹر سید زائد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 24 لاکھ44 ہزارسے زائد بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران 10 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔جن میں 8 ہزار589 موبائل ٹیمیں،925 فکسڈ سائٹن اور547 ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔ مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ پولیو کوہرانے اور اس سے جان چھڑانے کی جنگ میں والدین، علماء کرام، سیاسی حلقوں، قبائلی عمائدین، انتظامیہ اور میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کی مثبت سوچ اور رویوں کی مدد سے پولیو مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک سمیت دنیا بھر میں اس ویکسین کے ذریعے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا گیا ہے۔ لہٰذا بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ہر مہم کے دوران قطرے پلانے میں کو ئی حرج نہیں ہے۔ بلکہ اس سے بچوں میں بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیداہوتی ہے۔ 27 جنوری 2021 سے اب تک صوبے بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ اور اس کا سہرا ان تمام فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو جاتا ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود آپ کے گھروں پر دستک دیتے ہیں اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاتے ہیں۔ بلوچستان میں آخری کیس جنوری 2021 میں ضلع قلع عبداللہ سے رپورٹ ہوا تھا۔آبادی کی ہمسایہ ملک افغانستان سے بہت زیادہ نقل و حرکت کی وجہ سے تقریبا ڈھائی سال بعد پشین کے گندے پانی کے نالوں سے لئے گئے نمونوں یا سیمپل میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کا تعلق قندھار سے ہے۔لہذا یہ مہم انتہائی اہم ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور بچوں کو اس سے محفوظ کیا جا سکے۔ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک صوبے سے پولیو کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ والدین سے گذارش ہے کہ پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی ضرور مکمل کروائیں تاکہ وہ پولیو سمیت خسرہ، نمونیہ اور دیگر خطرناک بیماریوں سے بچ سکیں۔ اس مہم میں بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی دئیے جائیں گے۔ وٹامن اے بچوں میں آنکھوں کی روشنی کے ساتھ ساتھ قوت مدافعت بہتر بنانے اور انفیکشن سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کو محفوظ بنائیں۔ یاد رکھیں کے پولیو لاعلاج مرض ہے اور پولیو ویکسین ہی اس سے بچاؤ کا واحد حل ہے۔ ہم سب مل کر اس بیماری کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔