جشن عید میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے بھرپور انتظامات کئے جائیں، آئی جی پولیس
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہاہے کہ جشن عید میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں سجائی جانے والی محافل اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بھرپور انتظامات کئے جائیں۔یہ بات انہوں نے جشن عید میلاد النبیؐ کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے صوبے کے تمام سپروائزری افسران سے بذریعہ ویڈیولنک اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جشن عید میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے منعقدہ محافل میلاد اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ جبکہ سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے ضلعی سطح پر بھی کنٹرول رومز قائم کئے جائیں جو آپس میں کلوز کوارڈی نیشن سے فول پروف انتظامات یقینی بنائیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی بلوچ، ڈی آئی جی کرائم ایا ز احمد بلوچ، اے آئی جی ٹریننگ ایوب اچکزئی، ایس ایس پی آپریشن جواد طارق سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اور اپنے اضلاع میں کئے گئے اقدامات بارے بریفنگز دیں۔ آئی جی پولیس نے ہدایت کی کہ بازاروں اور شاہرات پر نکلنے والے میلاد النبی?جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ سکیورٹی انتظامات کے دوران جاری کردہ ایس او پیز کی پاسداری پر عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے، آتشبازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی میں ہرگز تاخیرنہ کی جائے جبکہ صوبے کے کسی ضلع میں بھی لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی بلوچستان نے کہاکہ تمام اضلاع میں مقامی امن کمیٹیوں اور علمائے دین کے ساتھ کوارڈی نیشن سے سیکورٹی انتظامات کئے جائیں جبکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکل کر بڑی محافل اورحساس جلوسوں کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ آئی جی پولیس نے ہدایت کی کہ حساس اضلاع میں جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس لازمی استعمال کئے جائیں اور اہم مساجد، درباروں، بازاروں اور مذہبی مقامات کے گردو نواح میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کے دوران متبادل روٹس سے ٹریفک کی ہموار روانی برقرار رکھنے کے پہلو کو بھی مد نظر رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔