کیسکونے بلوں کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے476کنکشنز منقطع جبکہ7نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اُتاردئے
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزارت توانائی(پاور ڈویژن) حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں ڈائریکٹ بجلی استعمال کرنے والوں اور نادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی کنکشنوں،بجلی چوروں اور بقایاجات کے حامل نادہندگان کے خلاف منگل کے روز بھی بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران مری آباد،شہباز ٹاون ائیرپورٹ روڈ،مسجد روڈ، لیاقت بازار،مشرقی بائی پاس،سرکی روڈ، رحمت کالونی،خوشحا ل روڈاور پشتون آبادکے علاقوں سے ٹیمپرڈ اور شنٹ کئے گئے45 میٹروں کی بجلی منقطع کردی گئی اور انہیں جرمانہ عائد کئے گئے۔ اسی طرح دشت کے علاقہ سے نادہندگان کے 2ٹرانسفارمرز اُتاردئیے گئے۔اس کے علاوہ کیسکوسرویلنس کی ٹیم نے بھی کارروائی کرتے ہوئے 12کنکشنز منقطع کردئیے نیز کاروائی کے دوران ارباب کرم خان روڈ لالاخان بادیزئی اسکیم میں بھی 5ڈائریکٹ چلنے والے کنکشنز بھی منقطع کردئیے گئے اور اس دوران کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں سے 6بجلی چوربھی گرفتارکرلئے گئے نیز ڈاکٹر بانوروڈپر مختلف کمرشل دکانوں اورطوغی روڈپر ایم ڈی ایس اسٹور کے کنکشنز عدم دائیگی پر منقطع کئے گئے اس طرح مجموعی طورپر کوئٹہ شہرمیں منگل کے روز 111نادہندگان کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے۔ لورالائی، کوہلو، ہرنائی کے علاقوں سے 6غیر قانونی ٹرانسفارمرزجبکہ نادہندگان کے 5ٹرانسفارمرزاُتاردئیے گئے اس کے علاوہ ہرنائی اور زیارت میں 2دیہاتوں کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے نیز کارروائی کے دوران 13بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے درخواست دائرکردی گئی جبکہ4بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوچکے اس کے علاوہ نادہندگان کے 57کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے نیز نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 46لاکھ 30ہزارروپے جبکہ بجلی چوروں پر جرمانہ کی مدمیں 4لاکھ 40ہزارروپے بھی وصول کرلئے گئے۔خضدار،قلات، خالق آباد کے علاقوں سے کارروائی کے دوران نادہندگان کے 9ٹرانسفارمرزسے جمپرز کاٹ دئیے گئے اور ان کی بجلی منقطع کردی گئی جبکہ اس دوران 137نادہندگان کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے اسی طرح نادہندگان سے بقایاجات کے 8لاکھ روپے جبکہ جرمانہ کی مدمیں بجلی چوروں سے 7لاکھ روپے وصول کرلئے گئے۔ ڈیرہ مرادجمالی سے 5نادہندگان کے ٹرانسفارمرزعدم دائیگی پر اُتاردئیے گئے اس کے علاوہ سبی، ڈیرہ مرادجمالی، ڈیرہ اللہ یار اور ڈھاڈرکے علاقوں سے 71نادہندگان کے برقی کنکشنز منقطع کردئیے گئے جبکہ اس دوران بقایاجات کی مدمیں 55لاکھ روپے نادہندگان سے نیز بجلی چوروں سے 6لاکھ روپے جرمانہ کی مدمیں بھی وصول کئے گئے۔ اسی طرح پشین،چمن، قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے نادہندگان کے 47کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے اس دوران نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 12لاکھ روپے جبکہ بجلی چوروں سے2لاکھ 70ہزارروپے جرمانہ کی مد میں بھی وصول کیئے گئے۔ اس کے علاوہ گوادرشہر،اورماڑہ،تربت اور پنجگور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران نادہندگان سے بقایاجات کے 20لاکھ روپے وصول کرلئے گئے اور بجلی چوروں سے جرمانہ کی مدمیں 2لاکھ 70ہزارروپے وصول کرلئے گئے نیز کارروائی کے دوران 53گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔ واضح رہے کہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کیسکوکی خصوصی مہم صوبہ کے مختلف آپریشن سرکلز میں جاری ہے اور اس قومی مہم کے دوران کیسکوکی ٹیمیں غیر قانونی استعمال کرنے والے بجلی چوروں کے خلاف الیکٹرسٹی ایکٹ کے تحت سخت کارروائیاں کررہی ہے۔ لہٰذاکیسکواپنے تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے وہ بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے بقایاجات بھی جمع کرائیں اس کے علاوہ صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں اور رضاکارانہ طورپر اپنے ڈائریکٹ کنڈے اور خود ساختہ برقی کنکشنز بھی ہٹادیں بصورت دیگر اُن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔