لاہور ہائیکورٹ نے نیلم جہلم سرچارج اور پی ٹی وی فیس وصولی کیخلاف درخواست واپس کردی

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) لاہور ہائی کورٹ نے نیلم جہلم سرچارج اور پی ٹی وی فیس کی وصولی کے خلاف شہری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے نیپرا سے رجوع کرنے کی ہدایت دے دی۔

شہری کی ان دونوں ٹیکسز کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس فیصل زمان خان کے روبرو ہوئی۔ شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ بجلی کے بلوں میں نیلم جہلم سرچارج اور پی ٹی وی فیس کسی قانونی جواز کے بغیر وصول کی جارہی ہے، دو دہائیوں سے نیلم جہلم سرچارج کا عوام الناس کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا، شہریوں کی اکثریتی آبادی نے کبھی پی ٹی وی کی نشریات نہیں دیکھیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ واپڈا کا کام بجلی کی ترسیل اور اسی نوعیت کے انتظامی امور سنبھالنا ہے، واپڈا یا بجلی سپلائی کمپنیاں ٹیکسز لگانے اور وصولی کا قانونی اختیار نہیں رکھتیں، متعدد ٹیکسز کے نام پر بجلی کے بلوں میں ہزاروں روپے کا ٹیکس عائد کیا جارہا ہے، عدالت بجلی کے بلوں میں عائد ٹیکسز کو نیلم جہلم سرچارج اور پی ٹی وی فیس کالعدم قرار دے۔

شہری کی اس استدعا پر عدالت نے کہا کہ سرچارجز لگانا یا ہٹانا لیسکو کا اختیار نہیں۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے شہری کو نیپرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے