سی پیک کا مرکز گوادر،تکمیل سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا
بیجنگ:پاکستان اور چین کے سفارتی حکام اور مختلف گروپس کے نمائندوں نے گوادر پورٹ کی تعمیر پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ائیر پورٹ اور شاہراہوں کی تعمیر سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ ساتھ ترقی کا سفر بھی تیز ہوگا، ترقیاتی اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کی بدولت روزگار کے لاتعداد مواقع پیدا ہوں گے جس میں اولیت مقامی افراد کو ملے گی، چین پاکستانی مصنوعات کی ایک بڑی منڈی ہے، پہلے سے جاری اقتصادی تجارتی اور ترقیاتی عمل میں مزید وسعت لائی جائے گی، پاک چین دوستی پوری دنیا کے لیئے روشن مثال ہے،ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ منسٹر فارن افیئرز آف چائنہ نونگ رونگ،چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق، اعزازی قونصل جنرل وینزی ای، مختلف کمپنیوں کے سربراہان نے عوامی جمہوریہ چین کے دورے پر آئے صحافیوں سے بات چیت اور تقاریب سے خطاب کے موقع پر کیا۔ کوئٹہ اور گوادر کے سینئر صحافیوں پرمشتمل وفد کا عوامی جمہوریہ چین میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچنے پر اکنامک ڈیلی اور اکنامک نیٹ کے وفد نے پاکستانی صحافیوں کا استقبال کیا۔وفد کو بیجنگ میں چائنہ کی فارن منسٹری کا دورہ کرایا گیا جہاں اسسٹنٹ منسٹر فارن افیئرز آف چائنہ نونگ رونگ (Nong Rong) نے دوران ملاقات پوچھے گئے سوالات کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی پوری دنیا کے لیئے مثالی ہے۔ ہم نے اچھے برے ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، اس وقت جب پاک چین اقتصادی راہداری دوسرے مرحلے میں داخل ہوئی ہے ہماری پوری کوشش ہے کہ پہلے سے جاری اقتصادی تجارتی اور ترقیاتی عمل میں مزید وسعت لائیں، اولیت مقامی افراد کو ملے اس حوالے سے ہر جانب سے آنے والی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا،صحافیوں کے وفد کو پاکستانی سفارت خانے کا بھی دورہ کرایا گیا۔ اس موقع پر بیجنگ میں متعین پاکستان کے سفیر معین الحق نے وفد کو بیجنگ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے چین میں پاکستانیوں کو جو عزت و احترام حاصل ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان کے سفیر نے سی پیک منصوبے کو بلوچستان سمیت پورے خطے کے لیئے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر مستقبل قریب میں پورے ملک کا معاشی ہب بننے جارہا ہے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سائنس و ٹیکنالوجی ، زراعت اور سماجی شعبے کی ترقی میں مزیدتعاون پر توجہ دی جارہی ہے۔ عالمگیر وبائی حالات ہوں یا قدرتی آفات و حادثات چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کے سفیر نے کہا کہ حکومت پاکستان کی درخواست پر چائنیز کمپنیاں روزگار اور سماجی سہولیات کی فراہمی کے لیئے اپنا غیر معمولی اور انتہائی قابل ستائش کردار ادا کررہی ہیں گوادر بندرگاہ ،سپیشل اکنامک زون اور گوادر انٹر نیشنل ایئر پورٹ کی بدولت ترقی کا سفر تیز تر ہوگا۔صحافیوں کے وفد کو دارلحکومت بیجنگ کے علاوہ چینتاو(Qingdao) کا بھی دورہ کرایا گیا جو پورٹ سٹی ہونے کے ساتھ ساتھ ٹور ازم شہری سہولیات اور ماسٹر پلاننگ کا شاہکار ہے۔ بلوچستان کے صحافیوں نے دونوں شہروں میں مختلف تاریخی تہذیبی اور ثقافتی مراکز کے دورے کئے وفد کو بیجنگ کے تاریخی پیلس میوزیم،عظیم دیوار چین , سی سی ٹی وی ٹاور، آٹو میٹڈ پورٹ، آئیر، ہوواوے، اوریجن واٹر کمپنیوں ڈیلی اکنامک کے دفاتر،شنگھائی تعاون تنظیم کے مراکز کا بھی دورہ کرایا گیاجہاں صحافیوں نے پاکستان پویلین میں اعزازی قونصل جنرل وینزی ای سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا پاکستانی مصنوعات کی چین تک رسائی ممکنہ مارکیٹ ڈیمانڈ اور دیگر امور پر سوالات دریافت کئے۔