سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل وزیراعظم کی اہم ملاقاتیں
اسلام آباد:سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل وزیراعظم نے اتحادیوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ایم کیو ایم کے وفد نے بھی عمران خان سے ملاقات کی جس میں سینیٹ الیکشن میں حمایت پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور حفیظ شیخ کی ملاقات بھی ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں، اسی لیے شفاف انتخابات کے لیے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ارکان کو خط لکھے جا رہے ہیں، رابطے ہو رہے ہیں مگر ہم متحد ہیں، اپوزیشن پیسہ لگائے گی، لالچ بھی دے گی مگر اسلام آباد کا معرکہ حفیظ شیخ ہی جیتیں گے۔
حکومتی اتحادی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب شاہ زین بگٹی نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔ شاہ زین بگٹی نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا ہم حکومت کے اتحادی ہیں تو حفیظ شیخ کو ووٹ دیں گے۔ امید ہے اس سے بلوچستان کی محرومیوں میں کمی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی حکومت نے وعدے کئے تھے اور اب پھر کیے ہیں، یقین کرنا پڑتا ہے۔ کراچی سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین بھی وزیراعظم سے ملاقات کے لئے پہنچے ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے ممبرقومی اسمبلی محمد ابراہیم خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔