نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ کی قیادت میں ڈبلیو ایچ او کے وفد کی ملاقات
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے منگل کو عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ کی قیادت میں ڈبلیو ایچ او کے وفد نے ملاقات کی اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں صحت کے شعبے میں ڈبلیو ایچ او کے منصوبوں پر روشنی ڈالی اس موقع سیکرٹری صحت اسفندیار کاکڑ ، ڈبلیو ایچ او بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر اسفندیار یار شیرانی بھی موجود تھے عالمی ادارہ صحت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے ہمیشہ صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت سے تعاون کیا ہے جس کو سراہتے ہیں ، نگران حکومت نے دستیاب وقت میں صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے بلوچستان کے وسیع رقبے پر پھیلی آبادی تک صحت کی سہولیات فراہم کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں، تاہم پوری تندہی اور نیک نیتی سے صوبے کے تمام دور افتادہ علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کے لیے کوشاں ہیں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دستیاب اعداد و شمار سے ثابت ہوتا ہے کہ بلوچستان میں زچگی کے دوران ماؤں کی شرح اموات دیگر تمام صوبوں سے زیادہ ہے، ہمیں ایسی سنگین صورتحال پر باہمی اشتراک سے قابو پانا ہوگا نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی و شہری علاقوں کی سرکاری اسپتالوں میں دوران زچگی شرح اموات کی رپورٹنگ کے لیے محکمہ قانون کی رائے کے بعد کابینہ سے منظوری لی جائے گی جبکہ روٹین ایمیونائزیشن کے اہداف کے حصول کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی نگران وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ روٹین ایمیونائزیشن سمیت فلیڈ ورک کے لیے ویکسینر اور ایل ایچ ویز کی تعیناتی کے لیے ڈبلیو ایچ او کی نشاہدہی پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ڈبلیو ایچ او کو جہاں تعاون و مدد کی ضرورت ہوئی صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔