پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز بے تحاشہ اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے، کرن بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز بے تحاشہ اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے، عوام پہلے ہی غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے ہیں اب ان کی حالت زار پر رحم کیا جائے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں خوفناک اور قیامت خیز مہنگائی کی تازہ لہر نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ ایل پی جی، گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور چینی، آٹے، گھی، دالوں، پھلوں اور سبزیوں جیسی بنیادی اشیائے صرف کی آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی سے عام آدمی اور محنت کش و تنخواہ دار طبقہ پس کر رہ گیا ہے ملازمت پیشہ طبقہ پہلے ہی کم تنخواہوں اور ناکافی اجرتوں کی بدولت شدید مالی اور معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ حکومت صرف طفل تسلیاں نہ دے بلکہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا کرکسی طور سنجیدگی کا ثبوت نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ اپنی حکمت و دانش کو بروئے کار لا کر ملک و قوم کو سخت حالات سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے اس میں کمی کا اعلان کیا جائے۔