پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بلوچستان کا کردار بہت اہم ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ معاشی نظام کو مستحکم بنانے اور قومی پیداوار میں اضافہ کرنے کیلئے ہمیں قومی اور صوبائی سطح پر موثر افرادی قوت تیار کرنے اور ان کی کسی مناسب جگہ کھپت کا انتظام کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنی ہوگی، اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور بلوچستان کو قیمتی معدنی وسائل اور بہترین افرادی قوت سے نوازا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم سب کو ساتھ لے جانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہو جائیں تاکہ قومی تعمیر و ترقی کی نئی منازل جلد طے کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ایوارڈ تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری، چیرمین فاونڈر گروپ خالد اقبال ملک اور سابق صدر ظفر بختاوری کے علاوہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ موجودہ سیاسی اور معاشی حالات کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صنعت اور تجارت سے وابستہ افراد کی تقریب کا انعقاد بالکل بروقت اور مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بلوچستان کا کردار بہت اہم ہے بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے بہت اہمیت کا حامل صوبہ ہے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہت منافع بخش مواقع دستیاب ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ان دستیاب مواقعوں سے زیادہ سے فائدہ اٹھائیں اس کے علاوہ معاشی ترقی میں صنعتکاروں اور تاجروں کا کلیدی کردار ہے اس سلسلے میں ہم نے صنعت و تجارت سے وابستہ اپنے سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کو تمام ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کرنے ہوں گے گورنر بلوچستان نے تاجروں اور صنعتکاروں سے متعلق کامیاب تقریب کے انعقاد پر تمام منتظمین اور شرکاء کے کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا آخر میں گورنر بلوچستان نے منتظمین اور شرکاء میں ایوارڈز تقسیم کئے۔