روپے نے امریکی ڈالر کو پچھاڑ دیا
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) معیشت کی بحالی کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، کرنسی مارکیٹ میں روپیہ مستحکم ہو گیا۔ اس ہفتے انٹربینک میں ڈالر 6 اور اوپن مارکیٹ میں 5 روپے سستا ہو گیا۔تفصیل کے مطابق ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں اور سونے کے اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن نے ملکی معیشت کو بحالی کا راستہ دکھا دیا ہے۔ کرنسی مارکیٹ میں روپے کی اجارہ داری اس ہفتے بھی قائم رہی۔ رواں ہفتے انٹربینک میں ڈالر جو 303 روپے پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ آخری کاروباری سیشن میں 6 روپے دس پیسے سستا ہو کر 296 روپے 85 پیسے پر بند ہوا۔
ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کی حوالہ اور ہنڈی کے خلاف کارروائیوں سے اوپن مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔ دو ہفتوں میں اسٹیٹ بینک نے تین ایکسچینج کمپنیوں کے کاروبار بند کر دیئے جس پر اوپن امرکیٹ میں ڈالر کی قیمت پانچ روپے کم ہو کر 297 روپے پر آ گئی ہے۔
دوسری طرف اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کار نیٹ سیلر رہے۔ ایک کروڑ بیالیس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی لیکن دو کروڑ 36 لاکھ ڈالر کا مال بھی فروخت کیا۔ اس ہفتے ہنڈرڈ انڈیکس 260 پوائنٹس کمی کے بعد 46 ہزار کی حد برقرار نہ رکھ سکا،، سرمایہ کاروں کو 60 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ ادھر گولڈ مارکیٹ میں سونے کے اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن سے صرافہ بازار میں سونے کی قیمت کا اعلان نہیں ہو سکا۔