حافظ حمد اللہ پر قاتلانہ حملہ جمعیت کی آواز دبانے کی بھونڈی کوشش ہے، مولانا عبد الرحمن رفیق

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء ترجمان پی ڈی ایم سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ پر مستونگ پر بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت کی قیادت پورے ملک میں غیر محفوظ ہے، حافظ حمد اللہ پر قاتلانہ حملہ جمہوری قوتوں کی آواز دبانے کی بھونڈی کوشش ہے،کارکنوں اور قیادت پر حملوں میں جو بھی قوت ملوث ہے،واشگاف الفاظ میں بتانا چاہتے ہیں، جمعیت اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہے، قربانیوں کی تاریخی اوراق مقدس لہو سے مہک اٹھے ہیں، جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں اور ان کے قائدین کو راستے سے ہٹانے والے کون ہیں؟۔ان خیالات کا اظہار ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے ٹراما سینٹر سول ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مفتی محمد روزی خان مولانا خورشید احمد حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا محمد ایوب حافظ مسعود احمد اور دیگر بھی موجود تھے، جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے مزید کہا کہ حافظ حمد اللہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب کرکے سفاک دہشت گردوں کو سخت سزا دی جائے،نگراں حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، واقعے کی تحقیقات کرکے اصل سازش کا پتہ لگایا جائے ہماری قیادت اور کارکنوں کو ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء سینیٹر حافظ حمد اللہ کا ملک میں جمہوریت کی بالادستی اور پرامن سیاست کے حوالے سے اہم کردار ہے،ان جیسی شخصیات پر حملہ تمام جمہوری جماعتوں کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے، انہوں نے کہا اسلام دشمن اور ملک دشمن عناصر جمعیت کی مقبولیت سے خائف ہیں، ہم انہیں واضح طور پر بتلانا چاہتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام اپنے ہزاروں شہداء اور زخمیوں کے وژن اور مشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے