صوبائی الیکشن کمیشن نے کوئٹہ شہر کے حلقہ بندیاں مکمل کر کے 172یونین کونسلز کے 641وارڈز پر مشتمل حتمی فہرست جاری کردی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی الیکشن کمیشن نے کوئٹہ شہر کے بلدیاتی اداروں کی حلقہ بندیاں مکمل کر کے 172یونین کونسلز کے 641وارڈز پر مشتمل حتمی فہرست جاری کردی۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن نعیم احمد کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن نے بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت کوئٹہ شہر کی بلدیاتی حلقہ بندیوں کا کام مکمل کرلیا گیاہے نئے بلدیاتی نظام کے تحت کوئٹہ کو چار ٹاؤنز زرغون، چلتن،تکتو اور سریاب میں تقسیم کیا گیا ہے شہر میں کل 172یونین کونسلز میں 641وارڈز بنائے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر کا سب سے بڑا ٹاؤن چلتن ٹاؤن ہے جس میں 46یونین کونسلز میں 173وارڈز ہیں، زرغون ٹاؤن میں 46یونین کونسلز میں 161وارڈز بنائے گئے ہیں،تکتو ٹاؤن میں 42یونین کونسل میں 162وارڈز ہیں جبکہ سریاب ٹاؤن کی 38یونین کونسلز میں 145وارڈز بنائی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق یہ حلقہ بندیاں آبادی کے تناسب سال 2022میں جاری ہونے والے مردم شماری کے اعداد و شمار کے تحت کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہر یونین کونسل 10سے 15ہزار نفوس جبکہ وارڈ 3سے 4ہزار افراد کی آبادی پر بنائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ بلوچستان کے 36میں سے 35اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ صوبے میں صرف کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ہونے باقی ہیں۔