ہم ملک سے پولیو جیسی مہلک وبا کو ختم کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں، ڈپٹی کمشنر نصیرآباد بتول اسدی
نصیر آباد (ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد بتول اسدی نے کہاکہ ہم ملک سے پولیو جیسی مہلک وبا کو ختم کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں یہ کامیابی ہمیں سخت محنت جدوجہد کے بعد حاصل ہو رہی ہے اور اس کامیابی کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیں مزید موثر انداز میں کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2 اکتوبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع ملک ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی ایم ایس ڈاکٹر محمد اکبر کھوسہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عابد علی رند ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد صادق عمرانی اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی و اسسٹنٹ کمشنر چھتر ضلعی آفیسران کے علاوہ who کے ڈاکٹر یاسر بلوچ و محکمہ ہیلتھ کے دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی و who کے ڈاکٹر یاسر بلوچ نے مہم کے دوران درپیش مسائل و ان کے پائیدار حل محکمہ ہیلتھ کی کارکردگی و کاوشوں اور ای پی آئی کے ذریعے بچوں کو مختلف مہلک بیماریوں سے بچانے کے ٹیکا جات کے متعلق بھی تفصیل کے ساتھ آگاہی فراہم کی اور بتایا کہ 2 اکتوبر سے شروع ہونے والی 5 روزہ قومی مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 693544 بچوں کو جبکہ 2 سال سے کم عمر کے 155549 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے 483 موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ 36 ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور 30 فکسڈ سینٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں مہم کے دوران والدین ان فکسڈ سینٹرز میں آکر اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلا کر حکومتی ثمرات سے مستفید ھو سکتے ہیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد بتول اسدی نے کہا کہ اس وقت ہمیں اپنے بہتر مستقبل کی فکر کرنی چاہیے اور ہمارا مستقبل ہمارے بچوں ہی سے وابسطہ ہے کیونکہ آگے چل کر ملک کی بھاگ دوڑ انہیں ہی سنبھالنی ھے اس لئے ان کی صحت کا خیال کرنا بھی ہم سب کا فرض ہے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پولیو کے خلاف حکومتی جدوجہد میں شامل ھو کر بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ہم ملک سے پولیو جیسی مہلک وبا کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہو سکیں اور اپنے بچوں کے لیے پولیو سے پاک معاشرہ تشکیل دے سکیں انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ محکمہ ہیلتھ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔