وطن عزیز کے دفاع و سربلندی کے لئے دی گئیں قربانیوں کی بدولت ہم پر امن فضاء میں سانس لے رہے ہیں، جان اچکزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وطن عزیز کے دفاع و سربلندی کے لئے دی گئیں قربانیوں کی بدولت ہم پر امن فضاء میں سانس لے رہے ہیں، شہداء کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے رہتی دنیا تک ملک پاکستان کو امر کر دیا، ملکی بقا و سالمیت کیلئے پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیں جن کی بدولت دشمن ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے قوم ہر سال اس دن کو پورے جوش و جذبے سے مناتی ہے اور اپنے شہداء و محافظوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے قوم کے جوان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں افواج پاکستان کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار و چاق و چوبند رہتی ہیں اور پوری قوم اپنی پاک فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم اپنے جوانوں کے غیر متزلزل عزم, حوصلے و جرت کو سلام پیش کرتے ہیں مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ان کی ہمت، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی مثالیں بکثرت عام ہیں۔