بلوچستان کی عوام حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، نگراں وزیر داخلہ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگراں وزیر داخلہ بلوچستان میر زبیر محمد جمالی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قومی جوش وجذبوں کی یاد تازہ کرنے اور وطن عزیز کی دفاع کے لئے اپنی جانیں بھی قربان کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔6 ستمبر 1965 کو ہماری بہادر مسلح افواج نے پوری قوم کے ساتھ مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر اس دن کو ہمیشہ کے لئے حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ہمت و بہادری کا ایک تاریخ ساز دن بنا دیا۔ یوم دفاع کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں نگران وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب ہمارے مسلح افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ پاکستانی قوم اور اس کے مسلح افواج اپنی آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں اور وطن عزیز کی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو ہمارے مسلح افواج اور پوری قوم نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا کہ وطن کے دفاع کے لئے عددی اکثریت کی نہیں بلکہ قومی یکجہتی، جذبہ قربانی اورجب الوطنی کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے دن مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا جذبہ دیدنی تھا اور اسی جذبے کی بنیاد پر ہم نے تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کو شکست دے کر ملک کو ایک ناقابل تسخیر قوت بنا دیا ہے۔ محمد زبیر جمالی نے اس موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی حکومت اور عوام حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی ریاستی ظلم و جبر سے کشمیریوں کی جزبہ حریت کو نہ پہلے دبا سکا ہے اور نہ آئندہ دبا سکے گا، مظلام کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔