الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد، حلقہ بندیوں سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کے لئے بدھ کو اجلاس طلب کرلیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان عوامی پارٹی سے آئندہ عام انتخابات کے انعقاد، حلقہ بندیوں سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کے لئےبدھ 30اگست کو اجلاس طلب کرلیا، بی اے پی نے ملاقات کے لئے پانچ رکنی وفد تشکیل دے دیا، تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر میر عبدالقدوس بزنجو کے نام لکھے گئے مراسلے میں بی اے پی کے وفد کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں، ووٹر فہرستوں، عام انتخابات کے انعقاد، انتخابات کے شیڈول سمیت دیگر متعلقہ امور پر تجاویز پیش کریں۔مراسلے میں پارٹی کے نمائندہ وفد کو آج دوپہر 2بجے ملاقات کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ جس پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے پارٹی صدر میر عبدالقدوس بزنجو سے مشاورت کے بعد پارٹی کے سینئر نائب صدر سینیٹر نصیب اللہ بازئی، بی اے پی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی، سردار عبدالرحمن کھیتران، زیبدہ جلال، لالہ رشید، میر عبدالکریم نوشیروانی پر مشتمل پانچ رکنی وفد تشکیل دے دیا وفد آج الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات میں آئندہ عام انتخابات سے متعلق اپنی سفارشات پیش کریگا۔