میر علی مردان ڈومکی نے یو اے ای قونصل جنرل کی دعوت پر قونصلیٹ میں ہیپنیس ڈیسک کا افتتاح کر دیا
کوئٹہ/کر اچی(ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیر اعلی بلو چستان میر علی مردان ڈومکی نے یو اے ای قونصل جنرل کی دعوت پر قونصلیٹ میں ہیپنیس ڈیسک کا افتتاح کر دیا۔ منگل کو نگران وزیر اعلی بلو چستان میر علی مردان ڈومکی نے یو اے ای قونصل جنرل کی دعوت پر قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں قونصل جنرل یو اے بغیت عتیق الرمیثی نے انکا استقبال کیا نگران وزیر اعلی نے دورے کے موقع پر قونصلیٹ میں ہیپنیس ڈیسک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیپنیس ڈیسک کے قیام کا مقصد پاکستانی عوام کو ویزہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی ہے،ہیپینس کاؤنٹر کے ذریعہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو یو اے ای میں بزنس کرنے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ میں معاونت کی فراہمی ہے۔دورے کے موقع پر نگران وزیراعلی بلو چستان میر علی مردان ڈومکی نے ہیپینس کاؤنٹر کے قیام پر مسرت کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ کاؤنٹر کا قیام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت ہے۔اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ بلو چستان میر علی مر دان ڈومکی اور قونصل جنرل متحدہ عرب امارات نے باضابطہ ملاقات کی جس میں بلوچستان میں یو اے ای کی سرمایہ کاری میں اضافے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ بلو چستان نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں توانائی معدنیات زراعت اور مالداری سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یو اے ای کے سرمایہ کار وں کا صوبے کے عوام اور حکومت کی جانب سے بھرپور خیر مقدم کیا جائے گا۔اس موقع پر یو اے ای قونصل جنرل نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جائے گا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان بزنس کمیونٹی کے درمیان مربوط روابط،بزنس کمیونٹی کے باہمی دوروں کے اہتمام پراتفاق کیا گیا، ملاقات میں یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت بلوچستان اور یو اے ای کی یوتھ کے درمیان بھی روابط کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ میر علی مردان ڈومکی کو قونصل جنرل یواے ای کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی۔