نامزد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کون ہیں؟
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) انوار الحق کاکڑ پاکستان کے 8 ویں نگران وزیر اعظم بن گئے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے علاقے کان میتر زئی سے ہے، انہوں نے اپنی عملی سیاست کا سفر سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کے دور سے شروع کیا اور اپنے علاقے کی قومی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ ق سے الیکشن میں حصہ لیا تاہم ان انتخابات میں انوار الحق کاکڑ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں انوار الحق کاکڑ نواب ثناء اللہ زہری کے دور حکومت میں صوبے کے ترجمان کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرتے رہے۔ انوار الحق کاکڑ 12 مارچ 2018 کو بلوچستان سے آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہوئے، اسی سال اگست میں انہوں نے صوبے میں بننے والی نئی سیاسی جماعت بلوچستان عوام پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور انوار الحق کاکڑ اس وقت بھی بطور سینیٹر ایوان بالا میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ سینیٹر منتخب ہونے سے قبل جنوری سے مارچ 2018 تک بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کے مشیر اور دسمبر 2015 سے حکومت بلوچستان کے ترجمان کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھی بلوچ حکومت کے موقف کی نمائندگی کی ہے۔
انوار الحق کاکڑ بلوچستان کو درپیش مسائل پر گہری بصیرت رکھتے ہیں، ان کی دانشورانہ سوچ اور بصیرت کے باعث ملکی اعلیٰ یونیورسٹیز اور غیر ملکی یونیورسٹیز جن میں ہارورڈ اور برسلز جیسے تعلیمی اداروں شامل ہیں، میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور تجزیے اور تجاویز کے لیے بار بار مدعو کیا جاتا رہا ہے۔