عمران خان کو نااہل قراردیئے جانے کا فیصلہ قانون اورآئین کے مطابق ہے، خلیل جارج
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی اموروبلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خلیل جارج نے کہاہے کہ دوسروں کو چور کہنے والاآج خود توشہ خانہ کیس میں چور ثابت ہوچکاہے عدلیہ کی جانب سے عمران خان کو نااہل قراردیئے جانے کا فیصلہ قانون اورآئین کے مطابق ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی چوک پر عدالت کی جانب سے عمران خان کوسزادیئے جانے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرنے کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔خلیل جارج نے کہاکہ توشہ خانہ کیس میں آج ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان نے قوم اورعدالت کے ساتھ جھوٹابولا جس کی پاداش میں انہیں سزا سنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں جمع ہونے والے تحائف غریب عوام کی ملکیت تھے جنہیں عمران خان نے بیچ کر پیسے عوام پر خرچ کرنے کی بجائے اپنے جلسے و جلوسوں پر لگائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے جس میں قانون اورآئین سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہوئے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا سے قانون اورآئین کی بالادستی واضح ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 9مئی کو پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی عسکری تنصیبات پرحملے کئے جو کسی پاکستانی شہری کیلئے قابل قبول نہیں ہے امیدہے کہ جلد ہی 9مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کوبھی سزاملے گی۔اس موقع پر خلیل جارج کی جانب سے عمران خان کو سزاملنے کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔