پی آئی اے کا حج آپریشن مکمل،61461 حجاج کرام کووطن واپس پہنچایا گیا
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) پی آئی اے کا 21مئی کو شروع ہونے والا حج آپریشن 2اگست کی شب مکمل ہوگیا، حج پروازوں سے 61461 حجاج کرام مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن کا قبل ازحج آپریشن 21مئی کو شروع ہوااور22جون تک جاری رہا جبکہ بعدازاحج آپریشن 2جولائی سے شروع ہوا اور2اگست کی شب اختتام پذیرہوا۔
پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن میں کل 258 پروازیں آپریٹ کی گئیں،جس میں جدّہ سے 136 اور مدینہ سے 122 پروازیں آپریٹ ہوئیں،حج آپریشن میں پی آئی اے کے شیڈول کی باقاعدگی شانداررہی اور 96 فیصد پروازیں وقت پریا وقت سے تھوڑا قبل روانہ ہوئیں جو کہ حج آپریشن میں شامل تمام ائیرلائنز سے بہتر تھا۔پی آئی اے کی حج پروازوں سے کل 61461 حجاج کرام مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے،پی آئی اے نے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی وطن واپس روانگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے۔
پی آئی اے کی خصوصی حج ٹیمیں جدہ ومدینہ ایئر پورٹس پرحجاج کی رہنمائی کے لیے موجود رہیں،اس کے علاوہ حجاج کرام کیلیے سٹی چیک ان کا بندوبست بھی کیا گیا تھا جس سے ان کو کئی گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑی۔
سی ای او پی آئی اے عامر حیات نے کامیاب حج آپریشن پر پی آئی اے کی حج ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا، انہوں نے ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حج آپریشن اعلیٰ طریقے سے منظم کیا گیا جس کے لیے پاکستان اور سعودیہ عرب میں موجود ٹیمیں قابل ستائش ہیں۔