پاکستان کے عوام نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ہم پر امن اور احترام کرنے والی قوم ہیں، سید حسنین ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی نے بلوچستان سمیت ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوسوں، مجالس کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے اور عوام کی جانب سے برداشت، بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یکم تا یوم عاشورمحرم الحرام کے جلوسوں، مجالس سمیت دیگر تمام انتظامات کوانتہائی بہترین حکمت عملی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے پرامن بنانے پولیس، ایف سی،لیویز سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے داد کے مستحق ہیں جنہوں دن را ت ایک کر کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے برداشت اور رواداری کا پیغام دیا ہے جس سے معاشرے میں مثبت سوچ اور بھائی چارے کی فضاء پروان چڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ہم پر امن اور احترام کرنے والی قوم ہیں بیرونی اور اندورنی دشمن قوم کے درمیان خلفشار پیدا کرنے کی جتنی میں کوششیں کر لے عوام انہیں ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے علاوہ پورا سال ہمیں اسی تسلسل کو جاری رکھنا چاہیے تا کہ بد امنی، انتشار پھیلانے والی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنا یا جاسکے۔