سوراب کے نواحی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، مولی جیوا چروک خل بھٹ سب سے زیادہ متاثر
سوراب (ڈیلی گرین گوادر) سوراب کے نواحی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، مولی جیوا چروک خل بھٹ اور فخر سب سے زیادہ متاثر، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی ریلے آبادیوں میں داخل، چروک میں گاڑی مسافروں سمیت سیلابی ریلے میں پھنس گئی, کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود انتظامیہ پریشان حال افراد کی مدد کے لئے نہ پہنچ سکی، مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ندی میں پھنسی گاڑی اور مسافروں کو ریسکیو کرلیا، متاثرین کے مطابق وہ گزشتہ کئی دنوں سے طوفانی ہواؤں، بارش اور سیلابی ریلوں کی صورت میں قدرتی آفات کا سامنا کررہے ہیں مگر تاحال سوراب انتظامیہ کا کوئی ذمہ دار آفیسر ان کی حالت زار کا جائزہ لینے اور دادرسی کے لئے نہیں پہنچا، متاثرین بییار و مدد گار کھلے آسمان تلے حکومت اور مقامی انتظامیہ کی توجہ کے منتظر ہیں، واضح رہے کہ سوراب کے نواحی علاقوں مولی جیوا اور چروک میں گزشتہ ماہ سے شروع ہونے والی بارش اور طوفانی ہواؤں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جن کے نتیجے میں کاشت کاروں کے مجموعی طور پر کروڑوں روپے مالیت کے زرعی سولر پینلز تباہ جبکہ پیاز ٹماٹر اور دیگر زرعی اجناس کی تیار فصلیں سیلابی ریلوں میں بہہ چکی ہیں اور ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی ضائع ہوئی ہے، مذکورہ علاقوں کے رابطہ سڑکیں بھی بری طرح متاثر ہونے کے باعث متاثرہ مکین شہروں سے کٹ کر محصور ہوچکے ہیں، بار بار درخواست کے باوجود انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکمے متاثرہ علاقوں جائزہ لینے اور وہاں قدرتی آفات کا شکار متاثرین کی حالت زار پر توجہ مبذول کرنے پر آمادہ نہیں ہورہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے، بارشوں سے متاثرہ علاقہ مکینوں نے صوبائی حکومت اور کمشنر قلات ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوراب انتظامیہ کی بے حسی کا نوٹس لیکر جیوا مولی اور چروک کے متاثرین کی مدد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر احکامات جاری کریں تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو۔