بلوچستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، متعدد علاقوں میں قومی شاہراہیں بند ہونے سے صوبے کا مواصلاتی نظام درہم برہم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری صوبے میں متعدد علاقوں میں قومی شاہراہیں بند ہونے سے صوبے کا مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا، تفصیلات کے مطابق منگل کو کوئٹہ، مستونگ، پشین،زیارت،کو ہلو، ژوب، شیرانی، مو سی خیل، قلعہ سیف اللہ،قلات،خضدار،سبی،ہرنائی، بولان، با رکھان، لورا لائی،نصیر آباد،ڈیرہ بگٹی،لسبیلہ، آواران، مکران، پنجگور اورکیچ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر مو سلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا اسی دوران سبی میں 65 ملی میٹر جبکہ بارکھان میں 54، قلات میں 13، اورماڑہ میں 10، لسبیلہ میں 08، پنجگور میں 05، تربت میں 02، کوئٹہ میں 01بارش ریکارڈ کی گئی۔شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائڈنگ اور سیلابی صورتحال کے باعث بارکھان تا ڈیرہ غازی خان روڈ، شوران تاگنداوا روڈ، سبی کوئٹہ روڈ، گنداوا تا کٹارہ روڈ، گنداوا تا نوتال روڈ،ایم 8 رتو ڈیرو تا خضدار شاہراہ، خضدار تا جھل مگسی شاہراہ، حب تا کراچی شاہراہ بلاک ہوگئیں۔تاہم منگل کو کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو کوئٹہ، مستونگ، پشین،زیارت،کو ہلو، ڑوب،شیرانی، مو سی خیل، قلعہ سیف اللہ،قلات، خضدار،سبی، ہرنائی، بولان، با رکھان، لورا لائی،نصیر آباد،ڈیرہ بگٹی، آواران، پنجگور اورکیچ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر مو سلا دھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آج 25 اور کل 26جولائی کے شمال مشرقی اورجنوبی بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ،زیارت،بارکھان،کوہلو،شیرانی، ہرنائی،بولان،لورالائی، خضدار، لسبیلہ،کیچ،تربت، پنجگور، آواران،پسنی،اورماڑہ،گوادار اورگردونواح میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔