قوم کے مسائل دیانت دار قیادت حل کرسکتی ہے بدعنوان عناصر وسائل پرقابض ہیں، سراج الحق
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ قوم کے مسائل دیانت دار قیادت حل کرسکتی ہے بدعنوان عناصر وسائل پرقابض ہیں الخدمت فاؤنڈیشن کی دیانت داری وذمہ داران ورضاکاروں کی مخلصانہ جدوجہد کی بدولت آج پورے پاکستان میں الخدمت نے سب سے بڑے سماجی فلاحی تنظیم کااعزازحاصل کیا۔بلوچستان میں بدعنوانی کی ترقی کی وجہ سے غربت بے روزگاری بھی سب سے زیاد ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کی کارکردگی قابل ستائش ہے بلوچستان میں سرمایہ دار بھی بہت ہے اگر وہ اپنے پریشان حال عوام ودکھی انسانیت کی خدمت کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں توان کی مسائل ومشکلات اورپریشانیوں میں کمی آسکتی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے نئے دفتر کے دورے کے موقع پر ذمہ داران سے ملاقات کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کیا اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمدکرد،جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی،مولانا عبدالکبیر شاکر،حافظ نورعلی، الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی نائب صدر اعجازمحبوب،قمرابراہیم،عبداللہ خان ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے اس موقع پر انہوں نے اعجازمحبوب کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی۔سراج الحق نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں جہاں بھی کوئی آفت مصیبت آتی ہے تودیانت واخلاص کیساتھ فوری پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔بلوچستان کے زلزلہ،سیلاب اور بارشوں میں الخدمت فاؤنڈیشن سب سے پہلے متاثرین کے پاس پہنچ جاتی ہے۔الخدمت کی کام میں وسعت،بہتری اور دیانت داری سب الخدمت کی ٹیم کی بہترین کارکردگی اور مخیر حضرات کا اعتماد ہے۔الخدمت کے کام میں سب سے پہلے دیانت،اخلاص اور نیک نیتی ہے۔رضاکاروذمہ داروقت وصلاحیت اس نیت سے دینی چاہیے کہ اس کا بہترین اجر وبدلہ رب العالمین آخرت میں دیگا۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمدکرد نے بلوچستان ریجن میں الخدمت کے مختلف پراجیکٹس پر جاری کام اور آئندہ منصوبوں کے حوالے سے سراج الحق کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ مخیر حضرات کے تعاون سے الخدمت فاؤنڈیشن یتیموں کی کفالت والا سب سے بڑادارہ بن گیا ہے۔یتیموں کی کفالت کیساتھ مساکین،بیواؤں،کم آمدنی والوں کی امداد،پینے کے صاف پانی کی فراہمی، راشن،فری میڈیکل کیمپس سمیت تعلیم وصحت کے پراجیکٹس میں بہتری ووسعت لے آئیں گے ہماری جدوجہد دکھی انسانیت کی خدمت،غم سمیٹنے اورخوشیاں بانٹنے کیلئے ہیں۔ سراج الحق نے کہاکہ ترکیہ زلزلہ زدگان کی خدمات پر گزشتہ دنوں ترکی میں بھی بہترین خدمات کی بناپر صدررجب طیب اردگان نے الخدمت فاؤنڈیشن کی ترکیہ میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے الخدمت فاؤنڈیشن کو حسن کاکردگی ایوار ڈسے نوازاگیا جو حکومت پاکستان کیلئے اعزازاورپوری پاکستانی قوم کیلئے باعث افتخارہے۔ پوری قوم متحدہوکر لٹیروں قوم وملت دشمنوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں بدقسمتی سے قوم پریشان،غربت بے روزگاری کا شکار ہیں مگر حکمران اب بھی قومی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں۔قوم ووٹ دیتے وقت بدعنوان،بے عمل اعلانات کرنے اورقوم کو بھاری سودی قرضوں میں جھکڑنے والوں کو مسترد کردیں۔قوم مسائل ومشکلات اورپریشانیوں سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جماعت اسلامی نے انتخابی نشان ترازوکے تحت الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا بلوچستان کے عوام کو دیانت دار قیادت دینے کیلئے بھی قومی اورصوبائی اسمبلی کیلئے امیدواران کو نامزدکر دیے۔