نواب محمد اسلم رئیسانی نے وڈھ میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی
خضدار(ڈیلی گرین گوادر)چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے وڈھ میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور مصالحت کے عمل کو مزید آگئے بڑھانے کیلئے شیخ الحدیث حضرت مولانا فیض محمد سمانی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی کے کنوینئر وڈیرہ غلام سرور موسیانی ممبران میں آغا سلطان ابراہیم احمد زئی، مولوی عبدالصبور مینگل اور مولوی میر محمد مینگل،میر شہزاد غلامانی شامل ہیں۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کمیٹی کے ممبران کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وڈھ میں کچھ عرصے سے کشیدگی چلی آرہی ہے جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے اور بلوچستان کے ایک بہت بڑے المیہ سے دوچار ہونے کا خدشتہ تھا، 19 جولائی کو چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے دونوں فریقین کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کو اس بات پر آمادہ کیا کہ تنازعے کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، 21 جولائی کو ہم وڈھ گئے جہاں دونوں فریقین سے مذاکرات کئے گئے بات چیت کے ذریعے یہ طے پایا کہ عارضی جنگ بندی ہو تاکہ اس مسئلہ کا حل تلاش کیا جاسکے، 22 جولائی کو ہم دوبارہ خضدار سے وڈھ پہنچے اور کوٹ مینگل میں سردار اسد اللہ مینگل اور باڈڑی میں میر شفیق الرحمن مینگل سے ملاقات کی جس میں ان کے ساتھ طے پایا کہ جنگ بندی کو باضابطہ طور پر مستقل بنانے کیلئے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مستقل بنیادوں پر ان معاملات کو دیکھتے ہوئے جنگ بندی کو کسی سازش کی نظر نہ ہونے دے۔ انہوں نے کہا کہ سردار اسد اللہ مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل نے کمیٹی ممبران کیلئے اپنے دو دو نام دیئے، جو کشیدگی کو کم کرنے اور اس کشیدگی کو بات چیت اور قومی روایات کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کمیٹی ممبران کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الحدیث حضرت مولانا فیض محمد سمانی کمیٹی کے سرپرست ہوں گے اور کمیٹی کے کنوینئر وڈیرہ غلام سرور موسیانی ہوں گے جو کمیٹی ممبران سے رابطے کے ساتھ مختلف مسائل کو دیکھتے رہیں گے جبکہ سردار اسد اللہ مینگل کی جانب سے آغا سلطان ابراہیم احمد زئی، مولوی عبدالصبور مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل کی جانب سے مولوی میر محمد مینگل اور میر شہزاد غلامانی کمیٹی ممبران ہوں گے۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے علاقے کے خیرہ خواہوں، معتبرین، سادات، علماء کر ام سے اپیل کی کہ وہ اس جنگ بندی اور امن کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا اور ہماری رہنمائی کریں تاکہ ہم اپنے صوبے کو ایک بڑے المیہ اور خون ریزی سے محفوظ رکھ کر صوبے کی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے سردار اسد اللہ مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کو یہ موقع دیا کہ وہ اس مسئلے میں اپنا تاریخی کردار ادا کرسکیں ہم دونوں فریقین سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں اپنا کردار ادا کریں۔