وڈھ ، فائرنگ کا سلسلہ رکوا دیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بی این پی کے کارکنوں کا احتجاج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وڈھ میں مسلح گرہوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر فائرنگ کا سلسلہ رکوا دیا،کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بی این پی کے کارکنوں کا احتجاج،فریقین میں آج صبح تک جنگ بند ی کا اعلان ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں کئی روز سے کشیدہ صورتحال کے بعد اچانک فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ بلوچستان صالح ناصر نے بتایاکہ وڈھ شہر کے قریب دو گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی البتہ حتمی صورتحال صبح روشنی ہونے پر معلوم ہو سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں جنہوں نے صورتحال پر قابو پا لیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق وڈھ میں فائرنگ کے دوران بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جبکہ فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کے وقت سردار اختر جان مینگل وڈھ میں موجود نہیں تھے۔دوسری جانب وڈھ میں صورتحال کشیدہ ہونے کے بعدبی این پی کے کارکنوں نے احتجاجاً کوئٹہ میں مغربی اور مشرقی بائی پاس، سریاب روڈ،کوئٹہ کراچی شاہراہ کو خضدار، حب، جھاؤ بیلہ روڈ، مستونگ سمیت دیگر علاقوں کو بلا ک کردیا اور وڈھ میں کشیدیگی کے خلاف احتجا جی مظاہرے کئے۔وڈھ میں کشیدیگی کے باعث کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بسوں کو بھی منسوخ کردیا گیا ٹرانسپورٹرز نے کشیدہ صورتحال کے باعث کراچی کی جانب بسیں چلانے سے انکار کردیا۔رات خضدار موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وڈھ میں جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا۔ جنگ بندی کا اعلان 20 جولائی کی صبح 4 بجے تک کیا گیا ہے۔ وقت مقررہ سے قبل حکومتِ بلوچستان،کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر خضدار سیکورٹی اداروں نے مستقل جنگ بندی کے لئے اہم کردار ادا کرنے کا آغاز کردیاہے اور اب سے تھوڑی دیر پہلے متعلقہ مقامات پر فورسز کو موو کرنے کے احکامات جاری کیئے گئے ہیں اور فورسز کی نقل وحرکت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔