جنوبی کوریا، شدید بارشوں کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک، 9 لاپتہ
جنوبی کوریا:جنوبی کوریا میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد ہلاک جبکہ 9 لاپتہ ہو گئے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا 9 جولائی سے شدید بارشوں کی زد میں ہے، جس نے گزشتہ 3 دنوں سے شدت اختیار کرلی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال اور لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں مختلف مقامات پر کئی گھرگرگئے جبکہ 2 ہزار ہیکٹر زرعی زمین سیلابی پانی کی زد میں آگئی ہے۔شدید بارشوں اور سیلاب سے سڑکوں اور ڈیم کو نقصان پہنچا، مسلسل شدید بارش سے دریائے ہنگاگ میں پانی کی سطح 8 میٹرتک بلند ہوگئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے وسطی علاقے میں انڈر گراونڈ ٹنل سے 10 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ مختلف واقعات میں اموات کی تعداد 39 ہوگئی۔ تاہم 14 شہروں سے تقریبا ساڑھے 9 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے جنوب مغربی علاقوں میں آج بھی 250 ملی میٹر تک بارش کا امکان، بارشوں کا یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کی توقع ہے۔