مسلم لیگ(ن) عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے تیار ہے، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے تیار ہے بلوچستان سے اہم سیاسی وقبائلی شخصیات پارٹی میں شمولیت کیلئے پارٹی کے صدر و وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز اور صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل رابطے میں ہیں،مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ملک کی تعمیرو ترقی میں اہم کرداراداکیاہے (ن) لیگ کے دوراقتدار میں جتنی ترقی ہوئی اسکی گزشتہ 75سالوں میں مثال نہیں ملتی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے جب وفاقی حکومت سنبھالی تو ملک ڈیفالٹر ہونے کے قریب پہنچ چکاتھا مسلم لیگ(ن)اورمخلوط وفاقی حکومت میں دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنی سیاست داؤ پرلگاتے ہوئے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور ملک کو دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اورآنے والے عام انتخابات کیلئے پارٹی کے قائدین اور کارکن تیار ہیں انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان سمیت چاروں صوبوں سے عامانتخابات میں بھرپور حصہ لیکر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائد و سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف عام انتخابات سے قبل پاکستان آئیں گے اورانتخابی مہم کی خود نگرانی اور قیادت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے کارکن آنے والے عام انتخابات کی تیاریاں ابھی سے شروع کردیں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور مسلم لیگ(ن) کے منشور کو گھر گھرپہنچائیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان سے اہم سیاسی و قبائلی شخصیات مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کیلئے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت سے رابطے میں ہیں اور جلدہی وہ مسلم لیگ(ن) میں باقاعدہ شمولیت کریں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے