عوامی دولت اورملکی وسائل کے محافظ عمران خان ہیں، عاشق اعوان
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوامی دولت اورملکی وسائل کے محافظ عمران خان ہیں اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آفس کے اخراجات میں 29 فیصد اور وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں 49 فیصد کمی اس امر کی ضامن ہے کہ عوامی دولت اور وسائل کا محافظ عمران خان ملک کا سربراہ ہے۔ ذاتی مفادات کے پجاری ماضی کے حکمران کیمپ آفسز کے نام پر درندوں کی طرح بے رحمی سے قومی وسائل اور دولت لوٹتے رہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کفایت شعاری کا سلسلہ اپنی ذات سے شروع کیا جو صرف وزیر اعظم ہاؤس یا آفس تک محدود نہیں بلکہ وفاقی و صوبائی کابینہ اراکین بھی کفایت شعاری مہم پر عمل پیرا ہیں۔ سرکاری اخراجات میں ریکارڈ کمی اس بات کی عکاس ہےکہ فضول خرچیوں کےبغیر بھی امور سلطنت انجام دیئےجاسکتے ہیں۔