بلوچستان میں آباد اقوام قدیم تہذیب وتمدن کے امین ہیں،گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آباد اقوام قدیم تہذیب وتمدن کے امین ہیں۔ضروری ہے کہ صوبے کے چپے چپے میں پائیجانے والے عظیم ترین نوادرات اور باقیات سے نئی نسل کو روشناس کرایا جائیں کیونکہ انہی آثار قدیمہ کی حفاظت اور بحالی سے ہی بلوچستان دنیابھر کے سیاحوں کا مرکز بن سکتا ہے۔گورنر یاسین زئی نے تہذیب وتمدن کے ابتدائی سفر کو قلمبند کرانے کے حوالے سے براہوی اکیڈمی کی کاوشوں کو لائقِ تحسین قرار دیا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز براہوی اکیڈمی پاکستان کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری عبدالقیوم سوسن براہوی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے تمام روشن فکر اہل فکروقلم پر زور دیا کہ وہ گلوبل ویلیج میں اپنی قوم کی تہذیبی تشخص اور انسان دوستی پر مبنی اصل امیج کو اجاگر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپنے جغرافیہ اور قدرتی وسائل کی وجہ سے خصوصی اہمیت کا حامل صوبہ ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ عوامی نکتہ نظر کے اعتبار سے ان کے سماجی تاریخ اور ارکیالوجیکل پہلوؤں کو سامنے لایا جائے۔ گورنر یاسین زئی نے کہا ہے کہ سیاحت کو فروغ دیکر ہم پوری دنیا کے لوگوں کی توجہ بلوچستان کی خوبصورتی اور بالخصوص آثار قدیمہ کی جانب مبذول کراسکتے ہیں۔ براہوی اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری سوسن براہوی نے گورنربلوچستان کو براہوی اکیڈمی کو درپیش مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ براہوی اکیڈمی کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کیا جائے۔ گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور اپنا تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔