مصنوعی قیادت کی عوام دشمن پالیسوں کے سبب بلوچستان مشکلات کا شکار ہے، جان محمد بلیدی

تربت(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی مضبوط سیاسی حکمت عملی کے تحت آنے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ٹھپہ مافیا اور عوام دشمن سرکاری گروہ کو عبرت کا نشان بنا دینگے موسمی بٹیروں کی نیشنل پارٹی میں گنجائش نہیں، سیاسی کارکن کو نیشنل پارٹی میں اولیت حاصل ہے۔ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی سکرٹری جنرل جان محمد بلیدی، سینئر سیاسی رہنما سابق سینٹ و قومی اسمبلی کے رکن منظور احمد گچکی، فدا بلیدی، طاہر بلوچ، حبیب محمد بلوچ اور پیرجان نے تحصیل کونسل شہرک کے ھیرونک میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گیارہ جولائی کو شہید مولابخش دشتی اور قاضی غلام رسول کی یاد میں منعقدہ اجلاس میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس علاقے کے نمائندوں نے اس علاقے کو بری طرح نظر انداز کر رکھا ہے چند مخصوص افراد کو نوازا گیا ہے عوامی اور اجتماعی مسائل نظر انداز رہے ہیں تمام تر توجہ زاتی اور غیر اہم انفرادی نوعیت کے بندات پر رہی ہے علاقے کے تمام بنائے گے ڈیم ناقص تعمیر کے سبب مون سون کی نظر ہوگے۔ شہرک تا سامی روڈ جیسے اجتماعی اسکیمات نظر انداز رہے۔ بلیدہ سٹی پروجیکٹ ناکام ہوگیا بلیدہ تربت روڈ سفر کے قابل نہیں ہے تمام فنڈز کرپشن اور اقربا پروری کے نظر ہوگے ہیں۔ انھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ علاقے میں تنظیم سازی کے عمل کو موثر انداز میں آگے لے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ شہید ڈاکٹر نسیم جنگیان اور شہید ڈاکٹر لعل بخش بلوچ کی یاد میں تحصیل شہرک میں مرکزی جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا جس کے تاریخ و مقام کا اعلان پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے حق نمائندگی پر کسی کو شب خون مارنے نہیں دینگے۔ بلوچستان کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے مصنوعی قیادت کی عوام دشمن پالیسیوں کے سبب بلوچستان روز بہ روز مشکلات و مسائل کا شکار ہوتا جارہا ہے بلوچستان کے عوام کو اپنے حق نمائندگی اور مینڈیٹ کے احترام کے لئے بھرپور جدو جہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلد ہوشاپ میں بھی عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اجلاس سے سیاسی کارکنوں نے بھی خطاب کیا اور اپنے خیالات مرکزی قیادت تک پہنچائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے