آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ملک کے حالات بہتر ہونگے، شیخ جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک میں جب بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت آئی ہے معاشی استحکام، ہر چیز کی فراوانی ہوئی ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ملک کے حالات بہتر ہونگے، عرب امارات، سوئٹزرلینڈ سمیت دیگر ممالک کا پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت نے پاکستان کا اعتماد دنیا میں بحال کیا ہے، جلد ہی مہنگائی میں بھی کمی ہوگی۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں پاکستان کی ترقی،خوشحالی،امن وامان کی بنیاد رکھی ہے جب بھی ہماری حکومت آئی ملک کے معاشی اشارے بہتری کی طرف گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد پاکستان کا ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے اور ملکی معیشت میں استحکام آرہا ہے،عید کے بعد پہلے کاروباری ہفتے میں پاکستان کی اسٹاک ایکسچنج میں جو تیزی دیکھنے میں آئی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت سرمایہ کاروں اور دنیا کا اعتمادبحال کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی او رخوشحالی میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے مرہون منت ہیں جبکہ سابقہ حکومت نے معیشت کو جو نقصانات پہنچائے اب انکا ازالہ کیاجارہا ہے ملک میں مہنگائی آسمان پر تھی جو اب بتدریج کم ہورہی ہے جلد ہی عوام کو مزید ریلیف بھی ملے گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کو بہترین حکمت عملی کے تحت قابو میں کرلیا گیا ہے جبکہ روپیہ مارکیٹ میں اپنا کھویا اور مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے یہ سب کچھ مسلم لیگ(ن) کی قیادت میں حکومت نے کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوم برگ نے پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج کو بہترین قرار دیا ہے جس سے واضح ہوگیا ہے کہ ملک اب ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے جارہا ہے عوام کی آمدن اور قوت خرید بڑھ رہی ہے لوگوں کو اب احساس ہوگیا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) ہی وہ قوت ہے جو ملک کو آگے لیکر جا سکتی ہے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بلوچستان میں بھی مسلم لیگ(ن) مزید اور مستحکم ہوگی اور آئندہ عام انتخابات میں پارٹی وفاق اور صوبوں میں اپنی حکومت قائم کر کے عوام کی خدمت اور ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے