بلوچستان حکومت نے گزشتہ 13ماہ کے دوران بلدیاتی انتخابات کے ہرمرحلے کو صاف اور شفاف بنانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، سردار محمد صالح بھوتانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے بلوچستان کے 35اضلاع میں ضلعی کونسلز کے چیئر مین اور وائس چیئرمین کے پرامن، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نو منتخب چیئر مین اور وائس چیئر مین کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان حکومت نے گزشتہ 13ماہ کے دوران بلدیاتی انتخابات کے ہر مرحلے کو صاف اور شفاف بنانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے حکومت میں ہوتے ہوئے بھی بلوچستان عوامی پارٹی یا حکومت کے کسی بھی اتحادی نے انتخابی عمل کے کسی بھی مرحلے میں دخل اندازی کرنے کی کوشش نہیں کی جبکہ عوام کے ووٹ ڈالنے کے حق سے لیکر عوامی نمائندوں کی جانب سے ضلعی کونسلز کے چیئرمین اور وائس چیئر مین کے انتخابات تک کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ، جانبدارنہ عمل پیش نہیں آیا انتخابی نتائج سے لیکر چیئر مین اور وائس چیئر مین کے انتخاب تک کے نتائج میں ہر علاقے میں وہاں کے معروضی حالات اور عوامی خواہشات کے عین مطابق نتائج آئے ہیں جس سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ہماری حکومت نے بہترین انداز میں بلدیاتی انتخابات کا عمل اپنی تکمیل تک پہنچا کر اختیارا ت نچلی سطح پر منتقل کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں پر عوام کے بنیاد مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں حل کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوگئی ہے امید ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گے صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں بلدیاتی اداروں کے لئے بھی رقم مختص کی ہے تاکہ بلدیاتی نمائندوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ آئیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے تمام افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیا جائے اور انہیں کسی بھی قسم کی تکلیف یا رخنہ درپیش نہ آئے تاکہ یہ نمائندے نچلی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بلدیاتی نمائندوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہونگی جس کے لئے انہیں ابھی سے تیار رہنا ہوگا۔سینئر صوبائی وزیر نے الیکشن کمیشن، صوبائی حکومت کے تمام اداروں، سیکورٹی فورسز کو بہترین انداز میں فرائض سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کی مشترکہ اور انتھک کاوشوں کے نتیجے میں صوبے میں پر امن، شفاف، غیر جانبدارنہ انتخابات ہوئے ہیں جس پر وہ تمام اداروں کو داد دیتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے