بلوچستان عوامی پارٹی عوامی خدمت میں سب پر سبقت لے چکی ہے، حاجی محمد خان طور اوتمانخیل

لورالائی(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی عوامی خدمت میں سب پر سبقت لے چکی ہے۔ اس کا واضح ثبوت بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں بلوچستان عوامی پارٹی کی بھرپور عوامی حمایت ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی رہنما اور صوبائی وزیر صنعت و حرفت حاجی محمد خان طور اوتمانخیل اور نومنتخب چیئرمین ضلع کونسل اصغر خان اوتمانخیل اور نائب چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے رحیم خان کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ چیئرمین میونسپل کمیٹی عزیزپٹھان اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کل بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے اتحادیوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور حمایت سے ضلع کونسل میں باپ پارٹی کے چیئرمین اور نائب چیئرمین منتخب ہوئے۔ انہوں نے کہا مخالفین کو یہاں پھر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا کیوں کہ ان کے پاس عوامی حمایت کی سخت کمی دیکھنے میں آئی۔ مخالفین کو یہاں لورالائی میں کئی بار اقتدار آیا مگر انہوں نے عوامی حمایت کا کچھ خیال نہیں رکھا جس کی وجہ سے عوام نے انہیں ہر پلیٹ فارم پر مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اضلاع کے کچھ بااثر افراد لورالائی کی سیاست میں پیسے کی چمک دیکھانا چاہتے تھے لیکن وہ بھول گئے ہیں کہ عوام کی طاقت پیسے سے بڑھ کر ہے اور پیسوں سے ان کا ضمیر نہیں خریدا جاسکتا۔ ان عناصر کو امن اور خوشحالی پھیلانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات ایک کیے ہیں۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے اسی لیے عوام نے بھی پارٹی کو ووٹ کے ذریعے اپنی حمایت دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب چیئرمین ضلع کونسل اور نائب چیئرمین ضلع بھر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور اپنے اتحادیوں کے باہمی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ پریس کانفرنس میں لورالائی پریس کلب کے صدر خان محمد خانو، جنرل سیکرٹری محمد نعیم ناصر، محمد عثمان موسیٰ خیل اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے