40 لاکھ سے زائد افراد نے روضہ رسولؐ کی زیارت کا شرف حاصل کیا
مدینہ منورہ (ڈیلی گرین گوادر) ایک ہفتے کے دوران چالیس لاکھ سے زائد افراد نے روضہ رسولؐ کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔ مسجد نبویؐ کی جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ 7 سے 14 ذی الحج (25 جون سے 2 جولائی) کے دوران چالیس لاکھ سے زائد نمازیوں اور زائرین کی مسجد نبویؐ میں آمد ہوئی۔ایک ہفتے میں زائرین اور نمازیوں کی کل تعداد 42 لاکھ 52 ہزار رہی۔ مسجد نبویؐ کی جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی، سروس، صحت اور رضاکار حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ زائرین اور نمازی اپنے مذہبی فرائض کو آسانی اور آرام سے ادا کرسکیں۔مسجد نبویؐ میں نمازیوں اور زائرین کو گرمی سے بچانے کے لئے بڑی بڑی 250 چھتریاں موجود ہیں، ان کی مدد سے مسجد نبویؐ کے صحن میں نمازیوں اور زائرین کو سورج کی تپش سے بچنے میں مدد ملتی ہے، غرض مسجد نبویؐ کی انتظامیہ زائرین اور نمازیوں کو سہولت پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔