سب رجسٹرار آفس کوئٹہ کے عملے کی جانب بینک چالان کی مد میں خردبرد کا انکشاف

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سب رجسٹرار آفس کوئٹہ کے عملے کی جانب بینک چالان کی مد میں خردبرد کا انکشاف، عملہ شہریوں سے ٹیکس کی مد میں اضافی رقم بٹورنے لگا، متاثرین کی شکایات پر جوائنٹ سب رجسٹرار نے ڈپٹی کمشنر کو عملے کے خلاف تحقیقات کرنے کے لئے مراسلہ ارسال کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سب رجسٹرار آفس کوئٹہ میں دفتری عملے نے شہریوں سے ٹیکس کی اضافی رقم وصول کرنا شروع کر دی ہے۔ ایک متاثرہ شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عملے نے بینک چالان پر ردوبدل کرتے ہوئے جعل سازی سے ان سے 50 ہزار روپے سے زائد اضافی رقم وصول کی ہے جبکہ ان کے علاوہ اور بھی بہت سے لوگوں سے چالان میں ردوبدل کرکے اب تک بھاری رقم وصول کی جا چکی ہے۔ متاثرین کی شکایات پر جوائنٹ سب رجسٹرار کوئٹہ نے ڈپٹی کمشنر کو 21جون کو مراسلہ نمبر163/JSRارسال کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سب رجسٹرار آفس میں سی وی ٹی، رجسٹریشن ٹیکس، ٹرانسفر ٹیکس کے چالانوں کی مدمیں مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں جن میں آفس کا ایک کلرک ملوث ہے جس کے خلاف بیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں پہلے بھی ایک مراسلہ لکھا گیا ہے جس میں بھی اس حوالے سے ذکر کیا گیا ہے لہذا اس حوالے سے کاروائی عمل میں لائی جائے۔ دوسری جانب متاثرین کا کہنا ہے کہ خرد برد میں ملوث عملے کے خلاف تاحال خاطر خواہ کاروائی نہیں ہو رہی یوں محسوس ہوتا ہے کہ جعل سازی میں ملوث عملہ انتہائی بااثر ہے جس کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔ متاثرہ شہریوں نے کور کمانڈر بلوچستان، نیب بلوچستان، اینٹی کرپشن سمیت تمام متعلقہ اداروں اور حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے