کوئی شک نہیں عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، شبلی فراز
اسلام آباد: وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ کوئی شک نہیں عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، ملک مشکل حالات میں ہے، ہر شہری کو اس کی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہیے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ انتخابات کی شفافیت پر ہمیشہ اعتراضات کیے گئے، وزیراعظم کی ہمیشہ کوشش رہی کہ انتخابات کو شفاف بنائیں ، وہ ایسا الیکشن چاہتے ہیں جس پرکوئی اعتراض نہ کرے، قوم جان گئی ہے اوپن بیلٹ پر الیکشن کی مخالفت کرنے والے کون ہیں، اپوزیشن نہیں چاہتی کہ سینیٹ انتخابات شفاف ہوں۔ جنرل اور سینیٹ الیکشن کو شفاف طریقے سے ہونا چاہیے، چاہتےہیں آنے والے جنرل الیکشنز الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے ہوں، الیکٹرانک ووٹنگ کےذریعے اوورسیز پاکستانی حصہ لےسکیں گے۔شبلی فراز نے کہا کہ فیصل واوڈا میں بولنے کی صلاحیت ہے، سینیٹ میں ہمارے پاس فیصل واوڈا جیسے بولنے والے نہیں ہیں، جب تک ان سے متعلق فیصلہ نہیں آجاتا وہ حکومت کا حصہ ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، ملک مشکل حالات میں ہے، ہر شہری کو اس کی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہیے، ماضی کے حکمرانوں نے غیر ضروری بیرون ملک دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کیے، وزیراعظم عمران خان کا ماضی کے حکمرانوں کے برعکس کوئی کیمپ آفس نہیں اور وہ اپنے گھر میں رہتے ہیں، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کھانے نہیں ملتے، ایک چائے کا کپ ملتا ہے، ملک کے معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں، محدود وسائل کے باوجود سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کوبڑھایاگیا۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ملک میں جنسی جرائم میں اضافہ ہورہا ہے، جس پر وزیراعظم نےنوٹس لیا، زینب الرٹ بل پاس ہو چکا ہےلیکن بل کے باوجود عملاً جنسی جرائم کی کمی نظر نہیں آئی۔