قرآن پاک کی بے حرمتی، پاکستان کی درخواست پر انسانی حقوق کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
جنیوا (ڈیلی گرین گوادر) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔انسانی حقوق کونسل کے ترجمان کے مطابق ہنگامی اجلاس پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ مذہبی منافرت پر اجلاس ممکنہ طور پر رواں ہفتے کے آخر میں ہوگا۔گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سويڈش حکومت سے واقعے کا نوٹس لینے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہےکہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج اور کئی ممالک میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔