مکہ مکرمہ : عازمین حج لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے منٰی پہنچ گئے

مکہ مکرمہ(ڈیلی گرین گوادر) سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا، جہاں منی میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی جہاں لاکھوں عازمین رات کو قیام کریں گے اور رب سے گڑ گڑا کر دعائیں کریں گے۔عازمین صبح فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد حج کے سب سے بڑے رکن وقوف عرفہ کیلیے روانہ ہوں گے جہاں وہ خطبہ حج سُن کر ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔پاکستان کے 2 لاکھ عازمین سمیت 160ممالک سے 25 لاکھ کے قریب عازمین لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے منٰی پہنچ گئے۔ جہاں ’لبیک الھم لبیک‘ کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔عازمین پیر کی رات مِنیٰ میں ہی قیام کریں گے اور منگل کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مِنیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔حج کا رکن اعظم ”وقوف عرفہ” منگل کو ادا کیا جائے گا۔حاجی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے اور ظہراور عصر کی نمازیں قصر کرکے پڑھیں گے۔ دن بھر ذکراذکارکریں گے اور جبل رحمت پر جا کر اپنی اور امت مسلمہ کی بخشش کی دعائیں کریں گے ۔سورج غروب ہوتے ہی حاجی مزدلفہ چلے جائیں گے جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں پڑھیں گے، رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے۔ 10 ذی الحج صبح فجر کے بعد واپس منٰی چلے جائیں گے جہاں رمی جمار یعنی شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔ قربانی کے بعد حاجی احرام اتار دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے